پھر یوں ہوا کہ روشنی کے سورما نے آخر صحیح سمت کی جانب جانے کا فیصلہ کر لیا، وہ سمت جو سیدھے رستہ کی طرف جاتی ہے کیونکہ اسے ایسا محسوس ہونا شروع ہو گیا تھا کہ یہی صحیح رستہ ہے۔
وہ غلط رستہ پر چلتے چلتے اکتا چکا تھا۔ دھوکہ دہی، جھوٹ، گمراہی اور اندھیرے کا رستہ۔ اور اب تک سب کچھ صحیح لگ رہا تھا، جیسے کچھ بھی غلط نہ ہو لیکن اب وہ اپنا رویہ تبدیل کرنا چاھتا تھا۔
جب وہ تبدیل ہونے کے بارے میں سوچتا تو اسے مختلف آوازیں سنائی دیتیں: ‘تم نے ہمیشہ غلط کیا، تم برے انسان ہو، اب بہت دیر ہو چکی ہے، تم یہ حق نہیں رکھتے۔’
وہ آسمان کی طرف دیکھتا ہے اور ایک آواز آتی ہے: ‘میرے پیارے، ہر کوئی غلطیاں کرتا ہے۔ تمھیں معافی مل جائے گی لیکن میں یہ معافی زبردستی خود سے نہیں دے سکتا، اس کے لئے تمھیں خود ہمت کر کے فیصلہ کرنا ہو گا۔’
یہ سننا تھا کہ روشنی کے سورما نے دل سے معافی مانگ کر توبہ کر لی اور آئندہ کے لئے محتاط ہو گیا۔